راولپنڈی : پی ٹی آئی  کا حقیقی آزادی لانگ مارچ اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہوگیا جب کہ مرکزی کنٹینر اسلام آباد سے صرف 200 میٹر کے فاصلے پر پہنچ چکا ہے۔

راولپنڈی / اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی لانگ مارچ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوگیا جب کہ مرکزی کنٹینر اسلام آباد سے صرف 200 میٹر کے فاصلے پر پہنچ چکا ہے۔


لانگ مارچ اور اس سلسلے میں نکلنے والی ریلیوں کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے جب کہ اسلام آباد انتظامیہ نے جی ٹی رو ڈ پر ایف سی کے دستے پہنچا دیے ہیں۔ علاوہ ازیں اسلام آباد پولیس کی واٹر کینین اور اینٹی رائٹ دستے بھی ٹی چوک روات پہنچ چکے ہیں۔

دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف  کے رہنما فواد چودھری نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ کا دوسرا مرحلہ روات کے مقام سے راولپنڈی شہر میں انٹر ہونے کے لیے پہنچے گا۔ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے اس شاندار مہم کی نگرانی کی۔ آج دونوں قافلے روات کے مقام پر ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آخری مرحلہ آ گیا ہے، تیار رہیں،عمران خان آج عوام کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دیں گے۔

دوسری طرف اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف  کو کورال چوک سے روات تک ریلی کی اجازت دے دی ہے، جس کا این او سی پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کے بعد جاری کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے تمام چھوٹی ریلیاں کورال چوک پر جمع ہوں گی جب کہ مرکزی ریلی کی قیادت ریجنل صدر علی نواز اعوان کریں گے۔ اسلام آباد ریجن کے شرکا روات میں آزادی لانگ مارچ کا حصہ بنیں گے۔