جنرل قمر باجوہ نے پاکستانی فوج کی کمان جنرل عاصم منیر کو سونپ دی

جنرل عاصم منیر پاکستان کے 17 ویں آرمی چیف بن گئے ہیں


پاکستان کی فوج کے سبکدوش ہونے والے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے فوج کی کمان نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حوالے کر دی ہے۔

کمان کی تبدیلی کی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں اعلٰی سول و فوجی حکام اور سابق عسکری قیادت نے شرکت کی۔

سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اللہ کا شکرگزار ہوں کہ اس نے مجھے پاکستان کی فوج کی خدمت کا موقع دیا جس نے میرے ہر حکم پر لبیک کہا۔‘

جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف کے عہدے پر تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کے لیے دعاگو ہوں۔ مجھے امید ہے کہ جنرل عاصم منیر کی سربراہی  میں فوج ترقی کی منزلیں طے کرے گی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میرا پاک فوج سے روحانی تعلق رہے گا، جب فوج پر سخت وقت آئے گا میری دعائیں پاک فوج کے ساتھ ہوں گی۔